نئی دلی: بھارت میں ہندو انتہا پسندوں نے نمازِ جمعہ کے دوران ’جے شری رام‘ کے نعرے لگا دیے۔ پولیس نے نماز میں خلل ڈالنے والے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق واقعہ بھارتی دارالحکومت نئی دلی کے نواحی شہر گروگرام میں پیش آیا ہے جہاں ہندو انتہا پسندوں کا ایک گروہ نمازِ جمعہ کے دوران ایک مسجد کے اطراف میں بلند آواز میں ’جے شری رام‘ کے نعرے لگاتا رہا جس کے نتیجے میں نماز کی ادائیگی میں خلل پڑا۔
اس حوالے سے مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ آج نمازِ جمعہ کے دوران ہندوؤں کی جانب سے مسلمانوں پر حملے کا خطرہ تھا جس کے پیشِ نظر پانچ مقامات پر پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے، نماز کے دوران ’جے شری رام‘ کے نعرے لگانے کے الزام میں متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کو کسی کی بھی جانب سے متاثر کرنے نہیں دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ 26 اکتوبر 2021ء کو ہندوؤں نے گروگرام کے ڈپٹی کمشنر کو ایک خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ اپنے علاقوں میں نمازِ جمعہ کے اجتماعات کو مزید برداشت نہیں کریں گے۔
The post بھارت میں نمازِ جمعہ کے دوران ہندو انتہا پسندوں کے ’جے شری رام‘ کے نعرے appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2ZzvPsv