اسٹاف رپورٹر: وزیراعظم عمران خان اور ابوظہبی کے ولی عہد اور یواے ای کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زید النہیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے مختلف عالمی فورمز سمیت متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان کی بھرپور حمایت اور تعاون کو سراہا۔
وزیراعظم نے افغانستان سے افواج کی واپسی اور سیاسی حل کے لیے افغان دھڑوں کی طرف سے پیش رفت کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے ویکسین کی تیاری اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے فروغ کی کوششوں کا خیرمقدم کیا اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطح رابطوں کا فروغ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
رہنماؤں نے قریبی برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
The post وزیراعظم اور ولی عہد ابوظہبی کے درمیان رابطہ، مختلف امور پر گفتگو appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3c6KKx3