کراچی: پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور کسٹم نے سمندری حدود میں مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے ساڑھے 4 ارب روپے سے زائد مالیت کی منشیات قبضے میں کرتے ہوئے 16 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کموڈور جواد احمد قریشی نے ایم ایس اے ہیڈ کوارٹر میں بریفنگ کے دوران بتایا کہ میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور کسٹم نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کھلے سمندر میں کامیاب آپریشن کیا، کارروائی میں منشیات سے بھری المحمدی اور المبین نامی دو کشتیاں پکڑی گئیں جبکہ اس پر سوار 11 غیرملکیوں سمیت عملے کے 16 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
کموڈور جواد احمد قریشی نے یہ بھی بتایا کہ تحویل میں لی گئی کشتیوں سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہوئی جس میں 2410 کلوحشیش (چرس)، 133 کلو گرام براؤن کرسٹل، 181 کلو گرام آئس کرسٹل شامل ہے۔ ڈپٹی ڈی جی ایم ایس کے مطابق پکڑی گئی منشیات کی قیمت بین الاقوامی منڈی میں ساڑھے 4 ارب روپے کے لگ بھگ ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ منشیات کو کشتیوں کے خفیہ خانوں میں انتہائی مہارت سے چھپایا گیا تھا جو کہ خاص طور پر ڈرگز کی ترسیل کے لیے تیار کیے گئے تھے، پکڑی گئی منشیات اور اسمگلرز کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پاکستان کسٹم کے حوالے کردیا گیا۔
کموڈور جواد قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور کسٹم کا کامیاب آپریشن اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ موجودہ صورتحال کے باوجود ایم ایس اے سمندر میں منشیات کی روک تھام کے لیے سرگرم اور قومی ذمہ داریوں کے حوالے سے پرعزم ہے۔
The post کھلے سمندر میں کارروائی؛ ساڑھے 4 ارب روپے کی منشیات برآمد اور 16 ملزمان گرفتار appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/35iuggI