کراچی: کراچی سرکلر ریلوے بحالی آپریشن میں گجر نالے سے نارتھ ناظم آباد ریلوے اسٹیشن تک ریلوے ٹریک کے اطراف 50 فٹ پر قائم 100 پکے مکانات اور دیگر تجاوزات کا صفایا کردیا گیا۔
سپریم کورٹ کے حکم پر کراچی کے ضلع وسطی میں سرکلر ریلوے کی بحالی کے لیے انسداد تجاوزات آپریشن بارہویں روز بھی جاری رہا، ریلوے حکام، ضلعی انتظامیہ اور علاقہ پولیس نے آپریشن میں حصہ لیا جبکہ سیکیورٹی کے پیش نظر لیڈی پولیس اہلکار بھی موجود رہیں۔
آپریشن گجر نالے سے نارتھ ناظم آباد ریلوے اسٹیشن تک کیا گیا، آپریشن کے دوران ریلوے ٹریک کے دونوں اطراف 50 فٹ پر قائم تجاوزات اور پکے رہائشی مکانات کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کیا گیا، 50 فٹ میں آنے والے 10 سے 30 فٹ پر قائم تجاوزات کا بھی صفایا کیا گیا۔
اس موقع پر پاکستان ریلوے کے ڈپٹی ڈائریکٹر پراپرٹی لینڈ دلاور حسین کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر آپریشن کیا جا رہا ہے، ناظم آباد کے ریلوے ٹریک کے اطراف 150سے زائد پکے مکانات قائم ہیں جن کو مسمار کیا جائے گا، ضلع وسطی میں 75 فیصد آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے کوشش ہے جلد ٹریک بحال کرلیں گے،کوشش ہے زیادہ سے زیادہ تجاوزات مسمار کریں۔عوامی مزاحمت کے باعث آپریشن تاخیر کا شکار ہے، 4 روز میں ضلع وسطی کے کراچی سرکلر ریلوے ٹریک کو واگزار کروالیں گے،
اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد سب ڈویژن زین العابدین چنا کا کہنا تھا کہ علاقہ مکینوں کو جگہ خالی کرنے اور متبادل جگہ تلاش کرنے کے لے نوٹس دیے گئے تھے، متاثرین متبادل جگہ کے لیے پریشان ہیں اس موقع پر دوران آپریشن کچھ متاثرین اپنی مدد آپ کے تحت جگہ خالی کرنے کے لیے سامان دوسرے مقامات پر منتقل کرتے رہے تو کچھ نے اپنی مدد آپ کے تحت مکانات کے غیرقانونی حصے خود گرانا شروع کردیے جبکہ کچھ اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہے اور آپریشن روکنے کی کوشش کرتے رہے۔
The post سرکلر ریلوے، گجر نالے سے نارتھ ناظم آباد اسٹیشن تک 100 مکان مسمار appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2VZcTLy