کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی اور کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اشتراک سے شہریوں کو مفت سہولیات کی فراہمی کے لیے 100 باتھ روم، 100 جم، 500 بس اسٹاپس شیلٹر اور 100 پرانی عمارتوں کی مرمت و تزئین وآرائش اور شہر کے مختلف مقامات پر 10 لاکھ درخت لگائے جائیں گے جس کی منظوری میئر کراچی وسیم اختر نے دے دی ہے۔
کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری بلال منظر نے ممبران مجلس عاملہ کے ہمراہ میئرکراچی وسیم اختر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ان منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ علاقوں میں 100 آراو پلانٹ نصب کیے جائیں گے جہاں شہریوں کو مفت صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔ ان آراو پلانٹ سے 80 ہزار افراد روزانہ پانی حاصل کرسکیں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت شہر میں76لاکھ خواتین روزانہ کام پر جاتی ہیں جن کے لیے کوئی بھی عوامی باتھ روم نہیں ہے، کے ایم سی کی سرپرستی میں کے ایم سی آفیسرز ایسوسی ایشن 100 عوامی باتھ روم تعمیر کرنا چاہتی ہے جن کو روزانہ 8 لاکھ افراد استعمال کرسکیں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بس اسٹاپس شیلٹر سے 85 لاکھ افرا د سہولت حاصل کریں گے،100جم میں10لاکھ افراد ایکسر سائز کی سہولت حاصل کریں گے جبکہ 10 لاکھ درخت لگانے کا منصوبہ بھی ہے جسے ملیر اور لیاری ندی کے کناروں اور شہر میں خالی جگہوں پر لگائے جائیں گے۔
بلال منظر نے بتایا کہ شہر کی 100پرانی اور تاریخی عمارتوں کی بحالی اور تزئین وآرائش کا منصوبہ بھی ہے، میئر کی اجازت سے 45دنوں میں منصوبہ پر عمل شروع ہوگا۔
The post بلدیہ عظمیٰ کا عوامی مقامات پر 100 باتھ روم، 100 جم اور 500 بس اسٹاپ بنانے کا فیصلہ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2J5PkOG