کراچی: مغربی ہواوں کے نئے سلسلے کی وجہ سے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہونے والی بارش سے شہر میں خنکی بڑھ گئی۔
شہرمیں سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 23ملی میٹر ریکارڈ ہوئی،بارش کا سبب بننے والا سسٹم ختم ہوگیا،محکمہ موسمیات کراچی کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر نصب رین آبزر ویٹرز کی رپورٹ کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہونے والی بارش سب سے زیادہ گلشن حدید میں 23ملی میٹر ریکارڈ ہوئی صدر18 ،جناح ٹرمینل16.4،بیس فیصل 12،سرجانی ٹاؤن 11.8، یونیورسٹی روڈ11.3،لانڈھی 6.5،پہلوان گوٹھ6 ، ناظم آباد 4،نارتھ کراچی 3جبکہ بیس مسرور پر ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کی وجہ سے شہربھر میں ہلکی وتیز بارشوں کی وجہ سے خنکی میں اضافہ ہوگیا،چیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات عبدالرشید کے مطابق بارش کا سبب بننے والا سسٹم ختم ہوچکا ہے،شہر میں مزید تیز یا درمیانی بارشوں کا امکان نہیں ہے،البتہ فضا میں موجودہ اثرات کی وجہ سے شہر کے چند ایک علاقوں میں اگلے 18سے24گھنٹوں کے دوران بونداباندی ہوسکتی ہے، عبدالرشید کا مز ید کہناہے کہ حالیہ مغربی سسٹم کے اثرات جزوی اور مکمل ابرآلود موسم جبکہ (آج)جمعے کو معمول سے تیز شمالی ہواؤں کی صورت میں نمایاں ہوسکتا ہے جس کے نتیجے میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے ان کا کہناہے کہ 30کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کی سرد ہواؤں کا سلسلہ اگلے 3روز تک برقراررہ سکتا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق 6فروری کو ملک میں داخل ہونے والے بارش کے سسٹم کے بارے میں قبل ازوقت حتمی طورپر کچھ کہنا ممکن نہیں ہے،تاہم 5 فروری کو صورتحال کافی حد تک واضح ہوگی کہ مذکورہ سسٹم شہر میں کتنی شدت کی بارشوں کا سبب بنے گا،محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 15جبکہ زیادہ سے زیادہ 25ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا،صبح کے وقت ہوا میں نمی کاتناسب 79جبکہ دن بھر 37رہا،صبح کے وقت دھند چھانے کی وجہ سے حدنگاہ 6 کلومیٹر سے کم ہوکر 3کلومیٹر رہ گئی تھی،محکمہ موسمیات کا مذید کہناہے کہ اگلے 24گھنٹوں کے دوران شہر کا مطلع خشک اور رات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔
The post بارش کا سبب بننے والا سسٹم ختم، سرد ہوائیں چلتی رہیں گی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2S3iseY