کراچی: شہر قائد کی بالائی فضاؤں سے بارش کا سسٹم گزرنے کے باعث مجموعی درجہ حرارت میں ایک تا 2 ڈگری اضافے کا امکان ہے بارش کا سسٹم گزرنے کے بعد اگلے ہفتے کے دوران دوبارہ خنک ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب سے آنے والا دوسرا بارش کا اسپیل (سلسلہ) شہر کی بالائی فضاؤں سے گزرے گا۔ مذکورہ بارش کا سسٹم محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق نئے سال کے4 سے 6 جنوری کے درمیان بارشیں اور برف باری دے سکتا ہے۔ نئے سسٹم کی وجہ سے شہر کے کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں ایک سے2 ڈگری اضافے کا امکان ہے تاہم سسٹم سندھ کو عبور کرنے کے بعد کراچی خشک اور سرد ہواؤں کی زد میں آسکتا ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت اضافے کے بعد کم ہونے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 11.4 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 29.5 ریکارڈ کیا گیا۔
صبح کے وقت شہر کی فضاؤں پر دھند چھائی رہی جس کے سبب حد نگاہ 6 کلومیٹر سے کم ہوکر 3کلومیٹر رہ گئی تھی، چیف میٹرولوجسٹ کراچی عبدالرشید کے مطابق مغربی سسٹم کی وجہ سے شہر میں بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے، اگلے ایک ہفتے کے دوران درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے سردی بڑھ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 12سے 14ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ خنک وسرد موسم کے دوران دھند بھی چھاسکتی ہے۔
The post بارش کا امکان نہیں، کراچی میں اگلے ہفتے سے دوبارہ خنک ہوائیں چلیں گی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2R3Bt0u