کراچی: گرین لائن منصوبے کے تحت نمائش چورنگی انڈر پاس کے تعمیراتی کام کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ کا دوسرا ٹریک (آج) یکم دسمبر کو کیپری سینما سے نمائش تک ٹریفک کے لیے بند کر دیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق لیاقت آباد 10 نمبر اور گرومندر سے ٹاور جانے والے شہری پیپلزچورنگی اور کوریڈور تھری صدر دواخانہ کا راستہ اختیار کریں گے، بہادر یار جنگ روڈ ،سولجر بازار اور ہولی فیملی سے آنے والے شہری کیپری سگنل ایم اے جناح روڈ کا راستہ اختیار کر سکیں گے۔
اسی طرح سے وہ شہری جو ٹاور سے گرومندر جانا چاہتے ہیں وہ تبت سینٹر ، گارڈن چوک ،آغا خان سوئم روڈ ،نشتر روڈ یا انکل سریا چوک سے دائیں جانب بہادر یار جنگ روڈ سولجر بازار سے گرومندر کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں، شہری تبت سینٹر چوک ، کیپری چوک سے دائیں جانب صدر دواخانہ سے بائیں جانب کوریڈور تھری پیپلز چورنگی کا راستہ اختیار کرکے اپنی منزل مقصود تک جا سکیں گے۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اس موقع پر ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے اور کسی بھی دقت اور پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل راستوں کا انتخاب کیا جائے تاکہ وہ باآسانی اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔
گرین لائن بس انتظامیہ کے مطابق انڈر پاس کی تعمیر کے لیے پہلا ٹریک کیپری سینما تا نمائش چورنگی 4اکتوبرکوٹریفک کے لیے بند کیا جہاں تعمیراتی کام دن رات جاری ہے ، دوسرا ٹریک نمائش چورنگی تا کیپری سینما یکم دسمبر سے بند کیا جارہا ہے، انڈر پاس کے دونوں ٹریک پر چھت کی تعمیر اگلے سال مارچ تک مکمل کرکے اسے ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا،انڈر پاس کا بقیہ کام جاری رہے گا۔
متعلقہ انجینئرز نے بتایا کہ نمائش چورنگی شہر کی مصروف ترین چورنگی ہے ،انڈر پاس کی تعمیرات کی وجہ سے عوام کو چند ماہ قدرے پریشانی کا سامنا ہوگا۔ عوامی مسائل کے حل کیلیے ہماری کوشش ہے کہ ٹریک پر چھت کی تعمیرات کا کام مارچ سے قبل ہی کرلیا جائے،دونوں ٹریک پر چھت ڈالنے کا کام مکمل کرکے اسے ٹریفک کیلیے کھول دیا جائے گا اور دونوں ٹریک کے نیچے انڈر پاس کا تعمیراتی کام چلتا رہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ ملٹی اسٹوری انڈر پاس ہوگا جس میں بسوں کی پارکنگ کا انتظام بھی کیا جائے گا، انڈر پاس منصوبے کی تکمیل اگلے سال اگست تک ہوجائیگی، انھوں نے متبادل روٹس صدر ایریاز اور سولجر بازار سے تجاوزات کا خاتمہ ہوچکا جو خوش آئند بات ہے،ٹریفک جام کے مسائل کنٹرول میں رہیں گے،صوبائی حکومت اور بلدیہ عظمیٰ کو چاہیے کہ یہاں دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہونے دے۔
The post انڈر پاس کی تعمیر، ایم اے جناح روڈ کا دوسرا ٹریک کیپری سنیما تا نمائش بند appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2QuKpLd