کراچی: پیپلزپارٹی نے ملک میں4ستمبرکوہونے والے صدارتی الیکشن کے بارے میں حکمت عملی طے کرنے کے لیے آج (ہفتے کو) شام وزیراعلیٰ ہاؤس میں اہم مشاورتی اجلاس طلب کرلیا ہے۔
پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہناہے کہ اجلاس کی صدارت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے، اجلاس میں سابق صدر آصف زرداری کی شرکت بھی متوقع ہے۔ اجلاس میں شرکت کے لیے پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار بیرسٹراعتزازاحسن بھی کراچی پہنچ گئے ہیں۔ اجلاس میں صدارتی الیکشن کے حوالے سے پیپلز پارٹی اپنی حکمت عملی طے کرے گی۔
واضح رہے کہ منگل کے روز ہونے والے صدارتی الیکشن کے لیے حکمراں جماعت تحریک انصاف نے ڈاکٹر عارف علوی، اپوزیشن کی مختلف جماعتوں نے جے یو آئی (ف)کے مولانا فضل الرحمن اور پیپلزپارٹی نے اعتزازاحسن کو اپنا امیدوار نامزدکیاہے۔
مولانا فضل الرحمن کی کوشش ہے کہ کسی طرح پیپلزپارٹی اس بات پر آمادہ ہوجائے کہ وہ ان کے حق میں اپنے صدارتی امیدوارکودست بردار کرادے ، اس ضمن میں انھوں نے چند روز قبل سابق صدر آصف زرداری سے اسلام آباد میں ملاقات بھی کی تھی اورسابق صدر نے انھیں یقین دلایا تھا کہ اس معاملے پر پارٹی سے مشاورت کی جائے گی تاہم موجود ہ صورت حال میں اب اس بات کا امکان کم ہی نظر آتا ہے کہ پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمن کے حق میں اپنے امیدوار کو دستبردار کرادے۔
سابق صدر نے جمعے کو بینکنگ کورٹ میں اپنی ضمانت قبل از گرفتاری کے سلسلے میں پیشی کے موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھراپنے اس موقف کا اعادہ کیا کہ صدارتی الیکشن میں پی پی کے نامزد امیدوار اعتزاز احسن کامیابی حاصل کریں گے۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف منسٹرہائوس میں ہونے والے اجلاس میں صدارتی الیکشن کے حوالے سے تمامتر صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔
The post صدارتی الیکشن؛ پیپلزپارٹی کا آج وزیراعلیٰ ہائوس میں مشاورتی اجلاس طلب appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2ouhQhk