کوئٹہ: بلوچستان ہائیکورٹ کی سینئر جج جسٹس طاہرہ صفدر چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کا آج حلف اٹھائیں گی۔
طاہرہ صفدر کو ملکی تاریخ میں پہلی بار ہائیکورٹ کی چیف جسٹس تعینات ہونے کا اعزاز حاصل ہو گیا، چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے جسٹس طاہرہ صفدر کو ہائیکورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا، اس سے قبل بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی تھے جو گزشتہ روز 31 اگست کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہوگئے۔
جسٹس سید طاہرہ صفدر 5اکتوبر1957 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئیں۔ وہ سید امتیاز حسین باقری حنفی کی صاحبزادی ہیں، انہوں نے 1980میں لا کالج کوئٹہ سے ڈگری حاصل کی اور 1982میں پہلی خاتون سول جج بنیں، طاہرہ صفدر بلوچستان یونیورسٹی سے اردو ادب میں بھی ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرچکی ہیں، وہ 1987ء میں سینئر سول جج،1991ء میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور 1996ء میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مقرر ہوئیں۔
اس سے قبل بلوچستان کے چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی کے بیرون ملک دورے کے موقع پر جسٹس طاہرہ صفدر، ہائیکورٹ کی قائم مقام چیف جسٹس کے فرائض بھی انجام دے چکی ہیں۔
The post جسٹس طاہرہ صفدر بلوچستان ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس کا آج حلف اٹھائیں گی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2Ci1eTV