کراچی: تھانوں میں شہریوں کو اغوا کرکے رکھنے کا سلسلہ جاری ہے پولیس افسران شہریوں کو تاوان کی لیے جھوٹے مقدمات میں پھنسانے، تشدد کرنے، غیر قانونی کاموں اور پیدا گیری کے لیے تھانوں کا استعمال کرنے لگے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے تھانہ مومن آباد میں چھاپہ مار کر حوالات میں محبوس 2 شہریوں کو بازیاب کرکے رہا کردیا، چھاپہ انورکی بازیابی کے لیے مارا گیا تھا لیکن ایک اور شہری ایوب کو بھی غیرقانونی حراست میں رکھا گیا تھا عدالتی عملے نے دونوں کو فوری رہا کردیا۔
عدالت نے اغوا میں ملوث ایس ایچ او اور تمام پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا،عدالت نے پولیس سے رپورٹ بھی طلب کرلی ہے، تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے حکم پر جوڈیشل مجسٹریٹ غربی عبدالباسط کلہوڑو نے مغوی انور کی بازیابی کے لیے تھانہ مومن آباد میں چھاپہ مارا اس موقع پر تھانے کے حوالات میں ایک اور شہری ایوب بھی غیرقانونی بند تھا ،عدالتی عملے نے دونوں شہریوں کو بازیاب کرکے فوری رہا کردیاتھانے کا ریکارڈ چیک کیا گیا توشہریوں کے خلاف ایف آئی آر تھی اور نہ ہی روزنامچے میں کوئی اندراج تھا۔
عدالت نے فوری طور پر شہریوں کے اغوا میں ملوث ایس ایچ او تھانہ مومن آباد اور اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا، ذمے دار ایس ایچ او اور دیگر پولیس افسران کو آج سیشن عدالت کے روبرو پولیس ریکارڈ کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیاگیا ہے، قبل ازیں درخواست گزار محمد قاسم نے سیشن عدالت میں حبس بے جا کی درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیارکیا کہ اس کے بھائی انور کو پولیس نے گھر سے غیرقانونی حراست میں لیا اور تھانے کے حوالات میں بند کردیا، اس کی رہائی کیلیے بھاری رقم کا تقاضہ کیا جارہا ہے۔
The post تھانوں میں شہریوں کو رقم کیلیے اغوا کر کے رکھنے کا سلسلہ جاری appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2OzOIRN