کراچی: واٹر بورڈ انتظامیہ کی ہدایت پر لانڈھی میں قائم پانی کے ہائیڈرینٹ سے علاقہ مکینوں کیلیے کم نرخوں پر پانی کے ٹینکرز کی فراہمی بند کردی گئی۔
مکینوں کو کمرشل ریٹس پر کھلے عام پانی فروخت ہورہا ہے، اعلیٰ حکام کی ہدایت پر لانڈھی فیوچر کالونی ہائیڈرینٹ سے واٹر بورڈ کے پرانے و تجربہ کار عملے کا تبادلہ بھی کردیا گیا ہے۔ واٹر بورڈ کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر ٹھیکیدار ایم ایس طارق واٹر سپلائر کو لانڈھی فیوچر ہائیڈرینٹ پر کمرشل نرخوں پر پانی کے ٹینکرز بھرنے کی اجازت دیدی گئی۔
اس ہائیڈرینٹ سے گریٹس پبلک سروس (جی پی ایس) کی سہولت بالکل بند کردی گئی،ذرائع نے بتایا کہ جی پی ایس کے ذریعے عوام کو سستے نرخوں پر پانی کے ٹینکرز کی فراہمی کی جارہی تھی، تاہم واٹر بورڈ کے اعلیٰ حکام نے ٹھیکیدار کو خوش کرنے کیلیے یہاں سے جی پی ایس کو بند کرکے کمرشل بنیادوں پر ٹینکرز کی فراہمی اجازت دیدی ہے، کمرشل ٹینکرز سروس سے عوام کو مہنگے داموں پانی کے ٹینکرز فروخت کیے جارہے ہیں۔
ٹھیکیدار کمرشل ٹینکرز کے نرخ اپنی مرضی سے طے کررہے ہیں، لانڈھی ہائیڈرینٹ سے جی پی ایس ٹینکرز کی بندش اور کمرشل ٹینکرز کی اجازت سے شاہ فیصل کالونی، لانڈھی ، کورنگی و قرب جوار کے علاقہ مکینوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے، ذرائع نے بتایا کہ واٹر بورڈ کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر لانڈھی ہائیڈرینٹ پر تعینات اسسٹنٹ ایگزیکیٹیو انجیئنر خالد فاروقی، سب انجیئنر شیخ عدنان سمیت دیگر پانچ ملازمین پلمبر محمد ایوب ، کلیننگ آپریٹر فواد احمد ، قلی محمد خرم، جوئینر کلرک محمد اکبر اور سیکیورٹی سپروائزر نازش رضا کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔
The post لانڈھی ہائیڈرینٹ سے کم نرخ پر پانی کے ٹینکرز کی فراہمی بند appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2n2wnQE