کراچی: ایدھی انٹرنیشنل فاؤنڈیشن آسٹریلیا کی جانب سے ایدھی فاؤنڈیشن پاکستان کے لیے50 نئی ایمبولینسیں عطیہ کی گئی ہیں ایدھی فاؤنڈیشن کو عطیہ کی گئیں ایمبولینسیں ملک کے مختلف حصوں میں استعمال کی جائیں گی۔
ایدھی فاؤنڈیشن کو ہرسال 200 ایمبولینسوں کی ضرورت پڑتی ہے، منگل کو نارتھ کراچی ایدھی سینٹر میں تقریب کے دوران ایدھی انٹرنیشنل فاؤنڈیشن آسٹریلیا کی جانب سے ایدھی فاؤنڈیشن پاکستان کو50 نئی ایمبولینسیں عطیہ کی گئیں، فیصل ایدھی نے بتایا کہ عطیہ کی گئی ایمبولینسز ملک کے مختلف حصوں میں استعمال کی جائیں گی تاکہ ملک بھر میں لوگوں کی خدمت کی جاسکے انھوں نے کہا کہ ہم ایدھی انٹرنیشنل فاؤنڈیشن آسٹریلیا اور آسٹریلین ڈونرزکا شکریہ ادا کرتے ہیں جنھوں نے ہماری مدد کی اور ہمیں یاد رکھا، ایدھی صاحب کے مشن اورانسانی خدمت کے لیے انھوں نے جو ہمارا ساتھ دیا یہ قابل ستائش ہے۔
فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ مستقبل میں بھی یہ ہمارا ساتھ جاری رکھیں کیونکہ گزشتہ 3 یا 4 سالوں اور خاص کر عبدالستار ایدھی کے جانے کے بعد حامد خان اوران کی ٹیم نے بہت محنت کی ہے جس کے باعث آسٹریلین برادری ان کے ساتھ منسلک ہوئی ہے اور وہ ہمارا ساتھ دے رہی ہے، فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن کا 1800 گاڑیوں پر مشتمل فلیٹ ہے ہم کسی بھی حکومت سے امداد نہیں لیتے ہیں عوام عبدالستار ایدھی کے مشن پر بھروسہ کرتے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ آسٹریلین برادری کی جانب سے گزشتہ سال32 ایمبولینسیں عطیہ کی گئی تھیں اور رواں سال50 نئی ایمبولینسیں عطیہ کررہے ہیں، آنے والے دنوں میں لیاری میں قائم ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اور 100 بستروں کے اسپتال میں بھی اپنا حصہ ڈالیں گے تاکہ اس منصوبے کو بھی چلانے میں آسانی ہو، فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پاکستانی برادری سے اپیل کروں گا کہ وہ ان کا ساتھ دیں تاکہ اس مشن کو آسانی سے چلاسکیں۔
ایدھی انٹرنیشنل فاؤنڈیشن آسٹریلیا کے نمائندے حامد خان کا کہنا ہے کہ وہ ایدھی فاؤنڈیشن پاکستان کے ساتھ مختلف منصوبوں پرکام کر رہے ہیں اور اسپتال کی تعمیر کے لیے ہم نے فنڈز جمع کرکے ایدھی فاؤنڈیشن پاکستان کو بھجوائے ہیں ہم عبدالستار ایدھی کے مشن کو جاری رکھیں گے اور ہماری کوشش ہوگی کہ آسٹریلیا میں جتنے بھی پاکستانی ہیں اور جو دیگر برادریاں موجود ہیں وہ ہمارا ساتھ دیں تاکہ اس مشن کو آگے بڑھاتے رہیں، آسٹریلیا میں نوجوان نسل ان کا بہت ساتھ دیتی ہے۔
The post ایدھی فاؤنڈیشن آسٹریلیا نے پاکستان کو50 ایمبولینس عطیہ کردیں appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2mZQAq4