کوئٹہ: سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اور (ن) لیگ کے رہنما نواب ثنا اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ انتخابات میں عوام ڈگڈگی پر ناچنے والوں کی ضمانتیں ضبط کرا دیں گے جب کہ اصل مقابلہ ترقی مخالف اور ترقی کے حامیوں کے درمیان ہوگا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نواب ثنا اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ترقی کا سفر مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں شروع ہوا جب کہ صوبے کی تقدیر بدلنے والا عظیم منصوبہ سی پیک کا آغاز بلوچستانیوں کے لیے اہم منصوبہ ہے یہی وجہ ہے کہ صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں کے آغاز سے ترقی مخالف قوتیں صوبے کی ترقی ہضم نہ کرسکیں اور میرے خلاف سازش کرکے دراصل بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈال دی گئی۔
ثنا اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ عوام اب باشعور ہوچکے ہیں اور وہ صبح ادھر اور شام ادُھر کی سیاست کو ووٹ کی طاقت سے ہمیشہ کے لیے ختم کر دیں گے، تاریخ گواہ ہے کہ بلوچستان میں ہمیشہ ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے نئی سیاسی جماعتیں بنائی گئیں لیکن 2018ء کے انتخابات میں عوام ڈگڈگی پر ناچنے والوں کی ضمانتیں ضبط کرا دیں گے۔
سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں عوامی مینڈیٹ کی توہین کرنے والے سیاست دان کسی بھی طرح ووٹ کے لائق نہیں عوام کے ووٹوں سے کامیاب ہونے والے سیاسی سوداگروں کو اب عوامی عدالت میں ناکامی اور رسوائی کے سوا کچھ بھی نہیں ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بلوچستان بھر سے انتخابات میں حصہ لے رہی ہے اور 25 جولائی کو عوام ہمیں کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دے کر کامیاب کرا دے گی۔
The post انتخابات میں عوام ڈگڈگی پر ناچنے والوں کی ضمانتیں ضبط کرا دیں گے، ثناء اللہ زہری appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2yXeWd2