بیجنگ: چین کے ایک اسکول میں نہ صرف بچوں کو شناخت کرنے والا کیمرا سسٹم بنایا گیا ہے بلکہ یہ جماعت میں کیمروں کے ذریعے بچوں کی مسلسل دلچسپی یا اکتاہٹ کو بھی نوٹ کیا جاسکتا ہے۔
نمبر الیون مڈل اسکول چین کے علاقے ہینگزو میں موجود ہے جہاں کلاس روم میں لگے جدید ترین کیمرے ہر 30 سیکنڈ بعد طالب علم کو دیکھ کر اس کی دلچسپی یا اکتاہٹ کو نوٹ کرتے رہتے ہیں۔ اسے ’اسمارٹ کلاس روم بیہویئر مینجمنٹ سسٹم‘ کا نام دیا گیا ہے۔
کلاس روم میں بلیک بورڈ کے اوپر تین عدد جدید ترین کیمرے نصب ہیں جو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے تحت باری باری ہر طالب علم کے چہرے کو نوٹ کرتے رہتے ہیں۔ یہ کیمرے بتاتے ہیں آیا بچہ سبق میں دلچسپی لے رہا ہے یا پھر اس کا ذہن کہیں اور بھٹک رہا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق جدید کیمرے طالب علم کا چہرہ دیکھ کر سات مختلف طرح کے احساسات کو پڑھ سکتے ہیں۔ ان میں تاثرات سے پاک معتدل، خوش، اداس، مایوس، غصیلا، خوف زدہ اور حیرت زدہ چہرے کے تاثرات شامل ہیں۔ اگر یہ نظام ایک سے زائد طالب علم کے چہروں پر منفی رحجان دیکھتا ہے تو اس کی فوری اطلاع اس وقت کے استاد کو بھیجتا ہے۔
اس ڈیٹا کو بعد میں استاد کی صلاحیت اور پڑھانے کے طریقہ جانچنے میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ فی الحال اس کی آزمائش ایک ہی اسکول میں کی جارہی ہے اور اگر اس سے فائدہ ہوا تو دیگر اسکولوں میں بھی یہی نظام نصب کیا جائے گا۔
اسکول کے ایک استاد نے بتایا کہ اس نظام کے ذریعے طالب علموں میں توجہ یا پھر پڑھنے میں مسائل سے آگاہی حاصل کی جاسکے گی اس سے پسندیدہ مضامین اور اکتاہٹ سے متعلق اساتذہ کو بہت مدد ملے گی۔
اگرچہ بعض حلقوں نے اس نظام پر اعتراض کرتے ہوئے اسے بچوں پر دباؤ بڑھانے کا حربہ قرار دیا ہے لیکن ماہرین کا خیال ہے کہ اس سے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اسکول پرنسپل نے بتایا کہ شروع میں بچوں نے اسے پسند نہیں کیا اور اس کے بعد وہ کیمروں کے عادی ہوگئے۔
تاہم چینی سوشل میڈیا وائبو پر اس قدم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ بعض لوگوں نے کہا کہ اس سے تعلیم گاہیں حراستی کیمپ بن جائیں گی ایک چینی نے اسے تعلیمی آمریت اور دوسرے نے کہا ہے کہ بچے اب ہمیشہ کتاب کے بجائے بار بار کیمرے کو دیکھیں گے۔
The post چینی اسکول میں بچوں کی دلچسپی اور اکتاہٹ نوٹ کرنے والے حیرت انگیز کیمرے نصب appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب https://ift.tt/2kEAC3O