لاہور: مال روڈ پر جاری لیڈی ہیلتھ ورکرز کا احتجاج مزید شدت اختیار کرگیا، حکومت نے مظاہرین کی بات نہ سنی تو انہوں نے بینرز جمع کرکے فیصل چوک میں آگ لگادی۔
لاہور کے مال روڈ پر 37 ڈگری سینٹی گریڈ کی گرمی میں دھرنا دینے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز کا پارہ مزید ہائی ہوگیا، خواتین مظاہرین حکومتی عدم توجہ پر دل برداشتہ ہوگئیں، انہوں نے محکمہ لائیو اسٹاک اور وٹرنری ڈاکٹرز کے بینرز جمع کر کے فیصل چوک میں آگ لگا دی۔
لیڈی ہیلتھ ورکرز کو اس بات کا زیادہ رنج ہے کہ ان کے بعد آنے والے وٹرنری ڈاکٹرز اور محکمہ لائیو اسٹاک کے ملازمین مطالبات منوا کر واپس بھی چلے گئے، لیکن انہیں مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
پولیس نے ثالث کا کردار نبھاتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کرنے کی بہت کوشش کی لیکن انہیں کامیابی نہ ملی جب کہ خواتین ڈٹی ہوئی ہیں کہ مطالبات منوا کر ہی واپس لوٹیں گی۔
دھرنے کے باعث چیئرنگ کراس سے ملحقہ تجارتی مراکز آج بھی جزوی طور پر بند ہیں، تاجروں کا شکوہ ہے کہ آئے روز کے احتجاج کی وجہ سے ان کے کاروبار کا بہت نقصان ہو رہا ہے۔
The post لاہور میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کا احتجاج شدت اختیار کرگیا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2GksEd7