اسلام آباد: نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ سیاست پیچیدہ عمل ہے اس لیے وزیراعظم بننے کا ارادہ ترک کردیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں ملالہ نے کہا ’’ میں وزیراعظم نہیں بننا چاہتی، یہ خواب تب دیکھا تھا جب میں 11 یا 12 برس کی تھی، سوات میں دہشتگردی تھی، مجھے لگا کہ وزیراعظم بن کر میں اپنے ملک کے مسائل حل کردوں گی لیکن یہ حقیقت نہیں، یہ ایک مشکل عمل ہے اور تبدیلی تو آپ کسی بھی اور طریقے سے لاسکتے ہیں، ڈاکٹر انجینئر بن کر بھی، میں بھی اپنا کام جاری رکھوں گی۔
ملالہ یوسفزئی نے کہا پاکستان کی سیاست پر نظر رکھتی ہوں، سیاستدانوں کو اپنی ترجیحات میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، پاکستان کی سیاست میں تعلیم اور صحت جیسے مسائل پر توجہ ہی نہیں دی جاتی، سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر الزام تراشی میں مصروف رہتی ہیں، انہیں تعلیم اور صحت پر بات کرنی چاہیے جو ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔
ملالہ نے کہا کہ انہیں آج کا پاکستان 2012 کے پاکستان سے خاصا مختلف نظر آیا ہے اور وہ ملک میں امن قائم ہونے پر بہت خوش ہیں، والدین بچیوں کو تعلیم کیلئے سکول بھیج رہے ہیں، ملکی معیشت میں پہلے سے زیادہ خواتین اپنا حصہ ڈال رہی ہیں، حال ہی میں یہاں پاکستان سپر لیگ کے میچوں کا انعقاد کیا گیا، میں خوش ہوں کہ پاکستان ترقی کررہا ہے، میں کرکٹ کی مداح ہوں، سپرلیگ میں پشاور زلمی کی حمایت کررہی تھی لیکن اسلام آباد یونائیٹڈ جیت کی حقدار تھی۔
ملالہ ’ہیٹرز‘ کے بارے میں انہوں نے کہا ایسے افراد بہت کم ہیں اور پورا پاکستان مجھ سے اور میرے مقصد سے محبت کرتا ہے، اگر انہیں کوئی شکایت ہے یا کوئی مسئلہ اجاگر کرنا چاہتے ہیں تو ان سے بات کرنے کو بخوشی تیار ہوں، میں نہیں چاہتی کہ لوگ ایک بڑی شخصیت کے طور پر میری عزت کریں، میں صرف یہ چاہتی ہوں کہ میرے پیغام کو سمجھیں اور اپنے بچوں اور بچیوں کو تعلیم دیں۔
ناقدین کی جانب سے کسی ایجنڈے کے تحت غیرملکی قوتوں کیساتھ کھڑے ہونے کے الزام کے متعلق انہوں نے کہا میں یہ باتیں سنتی ہی نہیں، مجھے تو آج تک کسی نے ایسے کوئی ثبوت نہیں دیئے جو یہ کہتے ہیں کہ میں ایجنٹ ہوں، میں ملالہ ہوں اور میں لڑکیوں کی تعلیم پر یقین رکھتی ہوں۔
ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں ملالہ نے کہا پاکستان واپسی میں حکومت اور فوج نے مدد کی، تعلیم مکمل کرکے مستقل پاکستان واپس آجائوں گی، یہ میرا ملک ہے، اس ملک پر میرا اتنا ہی حق ہے جتنا کسی اور کا ہے، پاکستان واپس آکر بہت زیادہ خوشی ہے، بار بار خود کو یاد دلا رہی ہوں کہ میں پاکستان آگئی ہوں، اپنا ملک نہیں چھوڑنا چاہتی تھی تاہم علاج کیلئے باہر جانا پڑا، صرف تعلیم پر توجہ ہے، ٹی وی دیکھنا بند کردیا ہے، میرا مستقبل یہی ہے کہ بچیوں کی تعلیم کیلئے کام کروں گی۔
The post سیاست پیچیدہ عمل، وزیراعظم بننے کا ارادہ ترک کر دیا، ملالہ یوسفزئی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2E85px5