کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی آنے والی ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دے دیا گیا ہے اورانھیں وی وی آئی پی پروٹوکول اور سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
ڈی آئی جی ایسٹ کے دفترمیں یکم اپریل سے 3 اپریل تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے ٹی 20 سیریز کے حوالے سے بریفنگ دیتے یوئے صوبائی وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ پی ایس ایل کے فائنل میچ کے بعد اب میڈیا سے ویسٹ انڈیز ٹیم کے ساتھ سیریز پر میڈیا کی سپورٹ چاہیے۔
ناصر حسین کا کہنا تھا کہ گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافے کو دیکھتے ہوئے نیشنل اسٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کے داخلے کا وقت سہ پہر3 بجے سے شام 7 بجے تک کردیا گیا ہے، تینوں میچوں کے لیے پارکنگ ایریاز بنائے جائیں گے اور شٹل سروس کے ذریعے شائقین کرکٹ کو ڈراپ زون تک چھوڑا جائے گا ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے فائنل میچ کے دوران جو کمی بیشی رہ گئی تھی اور اس مرتبہ پوری کردی جائے گی اور پوری کوشش کی جائے گی کہ کسی کو بھی زحمت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ اسپتال ایریاز سے کچھ شکایات موصول ہوئی تھیں، اس مرتبہ ان علاقوں کو کلیئر رکھا گیا ہے، بھٹائی رینجرزکے ونگ کمانڈر بریگیڈیئر شاہد نے بتایا کہ جس طرح پی ایس ایل کے فائنل میچ کے موقع پر سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی اسی طرح اس سیریز کی بھی فل پروف سیکیورٹی ہوگی، ان کا کہنا تھا جو سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں گے ان کا مقصد شہریوں کو سہولتیں فراہم کرنا ہے۔
بریگیڈیئر شاہد کا کہنا تھا کہ داخلے کا وقت سہ پہر3تا شام 7 بجے ہوگا، پہلا میچ ہفتہ وار تعطیل اور دیگر 2 میچ ورکنگ ڈیزکے دوران کھیلے جائیں گے جس کے باعث سیکیورٹی پلان میں لچک رکھی گئی ہے اور شہریوں کی جو معمول کے مطابق آمدو رفت ہے اس میں شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کی جا ئے گی تاکہ کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہ ہو اور شائقین کرکٹ اچھی طرح میچ انجوائے کر سکیں۔
بریگیڈیئر شاہد کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ شٹل سروس کے ڈراپ زون پی ایس ایل فائنل کے مقابلے میں اسٹیڈیم سے زیادہ قریب رکھے گئے ہیں اور خاص طور پر آغا خان اسپتال کے قریب جو ڈراپ زون تھا اسے اسٹیڈیم فلائی اوور لایا جائے گا تاکہ آغا خان اور لیاقت نیشنل اسپتال آنے اور جانے والے مریضوں، تیماداروں اور دیگر افراد کو سہولت فراہم کی جا سکے، بریگیڈیئر شاہد کا کہنا تھا کہ چیکنگ کا عمل پی ایس ایل فائنل میچ والا ہی ہوگا اور ممنوع اشیا کی فہرست گزشتہ میچ والی ہی رکھی گئی ہیں ۔
The post ویسٹ انڈین ٹیم کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دے دیا، ناصر حسین شاہ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2EbPga4