کراچی: شارع فیصل پر نشے کی حالت میں کھلے عام ہوائی فائرنگ کرنے والے عدنان پاشا کے خلاف شاہراہ فیصل تھانے میں مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا ایس ایچ او شاہراہ فیصل کے مطابق مقدمہ ذیشان سعید عرف شانی کی مدعیت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
بیٹے کی گرفتاری کی اطلاع ملنے پر عدنان پاشا کی والدہ بھی شاہراہ فیصل تھانے پہنچ گئیں اور بتایا کہ پولیس اہلکار بیان لینے کے بہانے صبح ہمارے گھر آئے اور عدنان پاشا کو دھوکے سے گرفتار کرکے تھانے لے آئے اور وہاں سے اسے نامعلوم مقام پر لے گئے۔
تفصیلات کے مطابق 23 اور 24 فروری کی درمیانی شب بہادر آباد تھانے کی حدود شارع فیصل پر ریسٹورینٹ کے قریب نشے کی حالت میں کھلے عام ہوائی فائرنگ کرنے والے عدنان پاشا کے خلاف منگل کو شاہراہ فیصل تھانے میں ایک اور مقدمہ الزام نمبر104/2018 بجرم دفعہ 506بی/34 کے تحت درج کر لیا گیا اس حوالے سے ایس ایچ او شاہراہ فیصل علی حسن نے بتایا کہ مقدمہ ذیشان سعید عرف شانی کی مدعیت میں درج کیا گیا اور ذیشان سعید عرف شانی نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ عدنان پاشا نے اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی ہیں۔ جس پر پولیس نے ذیشان سعید عرف شانی کے بیان کی روشنی میں مقدمہ درج کرنے کے بعد عدنان پاشا کو گرفتارکرلیا بیٹے کو گرفتار کیے جانے کی اطلاع ملنے پر ملزم عدنان پاشا کی والدہ بھی شاہراہ فیصل تھانے پہنچ گئیں۔
عدنان پاشا کی والدہ کا کہنا ہے کہ عدنان صبح گھر پر سو رہا تھا اور پولیس بیان لینے کے بہانے صبح ہمارے گھر آئی اورعدنان کو دھوکے سے گرفتار کرکے تھانے لائے آئے اور بعد میں اسے نامعلوم مقام پر لے گئے ان کا کہنا تھا کہ عدنان نے عدالت سے ضمانت کرالی ہے اس کے باوجود اسے گرفتار کرلیا گیا عدنان کی والدہ کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنا بیٹا پولیس کے حوالے کیا ہے اور اپنا بیٹا واپس لے کر ہی جائیں گی۔
انھوں نے کہا کہ دنیا میں روزانہ جھگڑے ہوتے ہیں لیکن میڈیا ان جھگڑوں کو ہائی لائٹ نہیں کرتا، عدنان کی والدہ کا کہنا تھا کہ وہ ایک شریف خاندان سے تعلق رکھتی ہیں اور ان کا تماشا بنادیا گیا ہے اور ان کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے ان کا کہنا تھا کہ عدنان نوجوان ہے اور اعتراف کرتے ہیں کہ اس سے غلطی ہوئی ہے لیکن عدنان نے اپنی وڈیو اسنیپ چیٹ پر نہیں اپ لوڈ کی بلکہ اسے لیک کیا گیا ہے اور عدنان نے کسی کوچیلنج نہیں کیا انھوں نے بتایا کہ شہر میں آئے دن ہوائی فائرنگ کے واقعات ہوتے ہیں۔
پولیس سے اصل ملزمان پکڑے نہیں جاتے لیکن ان کے بیٹے کو پکڑ لیا ہے انھوں نے بتایا کہ وہ اپنی عزت کہ وجہ سے دو دن غائب رہے اورعدالت سے رجوع کیا انھوں نے بتایا کہ عدنان نے ابھی وڈیو نہیں بنائی، شارع فیصل پر فائرنگ کے واقعے کی وڈیو پرانی ہے وکیل وسیم کا کہنا ہے کہ عدنان کی وڈیو پرانی ہے اور میڈیا کی جانب سے عدنان پاشا کی4 وڈیو کو ملا کر اسے نیا رخ دیا گیا انھوں نے کہا کہ یہ کون سا قانون ہے کہ عدنان کو گرفتار کرکے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔
چلتی گاڑی سے ہوائی فائرنگ کی2نئی وڈیوزمنظرعام پرآگئیں
شہر کے نوجوانوں کی ہوائی فائرنگ کی وڈیوز سامنے آنے پر جرائم سے پریشان پولیس نئی مشکل سے دوچار ہے، شہر میں چلتی گاڑی سے ہوائی فائرنگ کرنے کے واقعات کی 2 نئی وڈیوز منظر عام پر آگئیں عدنان پاشا کے بعد 2 نوجوانوں نے چلتی گاڑی سے ہوائی فائرنگ کرکے قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے پولیس کو پھر چیلنج دے دیا وزیرداخلہ سندھ نے ایک بار پھر نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے انکوائری اور فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی پر مشتمل رپورٹ طلب کرلی نوجوان عدنان پاشا کی جانب سے شارع فیصل پر ہوائی فائرنگ کے واقعے کی وڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ہوائی فائرنگ کرنے کے واقعات کی2 نئی وڈیوز منظر عام پر آئی ہیں جو نوجوانوں میں نئے خطرناک ایڈوینچر ٹرینڈ کی نشاندہی کرتا ہے وڈیوز میں 2 نوجوانوں عمیر راجپوت اور چوہدری طلحہ ریاض کو چلتی گاڑی سے ہوائی فائرنگ کرکے قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے سندھ کے صوبائی وزیرداخلہ سہیل انور خان سیال نے مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ کے حوالے سے انتہائی سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے تمام تر انکوائری اور فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف پولیس کارروائی پر مشتمل رپورٹ طلب کرلی ہے۔
The post شارع فیصل پر ہوائی فائرنگ کرنیوالا نوجوان ایک اور مقدمے میں گرفتار appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان http://ift.tt/2BV1tSM