کراچی: گارڈن ڈویژن پولیس نے اولڈ سٹی ایریا میں دکانوں کے تالے اور شٹر کاٹ کر نقب زنی کرنے والے افغان باشندوں کا 12 رکنی گروہ گرفتار کر کے اسلحہ گولیاں، موبائل فون، ایک لاکھ روپے سے زائد نقدی، تالا اور شٹر کاٹنے کے آلات سمیت مسروقہ سامان برآمد کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق ایس پی سٹی شہلا قریشی کی سربراہی میں ایس ایچ او گارڈن انسپکٹر غلام نبی آفریدی پر مشتمل پولیس پارٹی نے مختلف وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تالا توڑ گروہ کے 12 کارندوں کو گرفتار کرلیا شہلا قریشی نے گارڈن تھانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار تالا توڑ گروہ کے کارندے افغانی ہیں اور انھوں نے 10 مختلف مقامات پر دکانوں کے تالے کاٹ کر اور شٹر توڑ کر نقب زنی کی وارداتیں کی تھیں، ملزمان نے انکشاف کیا کہ ان کا گروہ 40 افراد پر مشتمل ہے اور انھوں نے نبی بخش تھانے کی حدود میں لاکھانی آٹوز پر دوران واردات سیکیورٹی گارڈ کو مزاحمت پر فائرنگ کر کے زخمی کیا تھا اور اس کی ریپیٹربھی چھین کر لے گئے تھے ملزمان نے نبی بخش تھانے کی حدود میں النور جیولرز میں نقب زنی کی تھی لیمارکیٹ میں متعدد دکانوں کے تالے کاٹ کر لوٹ لیا تھا۔
گارڈن شو مارکیٹ کے قریب موبائل مارکیٹ کے تالے کاٹ کر کئی دکانوں سے نقدی و موبائل فون لوٹے تھے اس کے علاوہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ، ایمپریس مارکیٹ کے قریب شہاب الدین مارکیٹ، صدر، سولجر بازار، کلاکوٹ اور چاکیواڑہ میں بھی دکانوں کے تالے کاٹ کر لوٹ لیا تھا، شہلا قریشی نے بتایا کہ مجموعی طور پر 12 چور گرفتار کیے گئے ہیں جس میں 8 ملزمان بسم اللہ عرف چائنا، جمعہ خان، نور محمد عرف نورک ، دل محمد عرف گڈو ، ابراہیم عرف ماٹلی ، کشمیر پستوکی ، نجیب عرف حاجی اور سمندر خان کو گارڈن پولیس نے گرفتار کیا جبکہ 4 چوروں عبدالباری ، یونس عرف گل ، حب اللہ اور زمان عرف پونے کو نبی بخش پولیس نے گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 8 ٹی ٹی پستول ، سیکیورٹی گارڈ کا چھینا ہوا ریپیٹر مع 2 کارتوس ، ایک لاکھ 20 ہزار روپے نقد رقم ، موبائل فونز ، تالے کاٹنے کے کٹر ، ہتھوڑا ، رینج پانا اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا ہے، شہلا قریشی نے بتایا کہ افغانی تالا توڑ گروہ کاغذ چننے کے بہانے پہلے مذکورہ دکانوں کی ریکی کرتا تھااور پھر موقع پاتے ہی دکانوں کے تالے کاٹ کر نقب زنی کر کے وہاں سے فرار ہو جاتے تھے انھوں نے مزید بتایا کہ گروہ میں شامل دیگر افغان باشندوں کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے اور اس حوالے سے متعدد مقامات پر چھاپے مارے گئے ہیں۔
The post دکانوں کے تالے توڑ کروارداتیں کرنیوالا گروہ گرفتار appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان http://ift.tt/2EXuksr