کراچی: بوٹ بیسن پولیس نے 8 سالہ بچی کو اغوا کرنے والے گداگر سمیت اس کی بیوی کو گرفتار کرلیا۔
بوٹ بیسن پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شوہر نذر محمد اور بیوی نذیراں کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے8 سال بچی کو بازیاب کرالیا گیا،گرفتار شوہر اور بیوی نے نیلم کالونی سے8سالہ بچی کو اغوا کیا تھا اور اس کے بعد اندرون سندھ فرار ہو گیا تھا اور اغوا ہونے والی بچی کے والد فدا حسین سے2لاکھ روپے تاوان کی رقم کا تقاضا اور مسلسل فون کرنے پر یہ کہتا رہا کہ اگر رقم کا بندوبست نہیں کیا تو وہ بچی کو قتل کردے گا۔
اے ایس پی کلفٹن رضوان طارق نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اغوا کا مقدمہ 25جنوری کو بوٹ بیس تھانے میں بچی والد فدا حسین کی مدعیت میں درج ہوا تھا جس کے6روز بعد پولیس نے بس اڈے پر چھاپہ مار کر 8 سالہ لاریب کو بازیاب کرالیا۔
لاریب نیلم کالونی کے رہائشی تھی جس کے برابر مکان میں کرایہ دار پڑوسی رہتے تھے،پڑوسی بچی کو بھلا پھسلا کر اپنے ساتھ لے گیا اور بعد میں اندرون سندھ مزارات پر لے کر گھومتا رہا، پولیس نے ایس ایچ او نصیر تنولی کی سربراہی میں متعدد بار چھاپے مارے لیکن ملزمان اپنا موبائل فون بند کردیتے تھے۔
ملزمان کے کال ڈیٹا ریکارڈ سے معلوم ہوا کہ بچی اغوا کے بعد انھوں نے اندرون پنجاب مزارات پر بھی رابطے کیے تھے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ملزمان مغویہ بچی کو اندرون پنجاب لے جاناچاہتے تھے، گرفتار ملزمان گداگر ہیں تاہم پولیس ملزمان سے مزید تحقیقات کررہی ہے۔
علاوہ ازیں تیموریہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم رضوان کو گرفتار کرکے چھینی گئی نقدی اور موبائل فون برآمد کر لیا جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہے۔ ادھر گل بہار پولیس نے گولیمار حاجی مرید گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے2ملزمان نریش اور محمد رفیق کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی۔
The post 8 سالہ بچی کو اغوا کرنے والے گداگر میاں بیوی گرفتار appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان http://ift.tt/2FytAWs